دوسرا ٹی 20، محمد رضوان کی نصف سنچری، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف

دوسرا ٹی 20، محمد رضوان کی نصف سنچری، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف
کیپشن: دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ جاری
سورس: فوٹو/بشکریہ پی سی بی

لاہور : پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے وکٹ کیپر بلے باز مخمد رضوان کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت پروٹیز کو جیت کیلئے 145 رنز کا ہدف دیدیا ہے، محمد رضوان 41 گیندوں پر 51 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا مگر قومی ٹیم کے کپتان گزشتہ میچ کی طرح آج بھی ناکام ہوئے اور 10 کے مجموعی سکور پر پانچ نز بنا کر پریٹوریس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 

پہلی وکٹ گرنے کے بعد  حیدر علی اور محمد رضوان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 26 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر حیدر علی کی اننگز کا خاتمہ بھی ہو گیا جو 10 رنز بنا کر اینڈیل فیلوک وائیو کی گیند پر سیپاملا کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ قومی ٹیم کو تیسرا نقصان 48 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب حسین طلعت صرف تین رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر پیٹے وین بیلون کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

آل رائونڈر افتخار احمد بھی صرف 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور 93 کے مجموعی سکور پر ڈوین پریٹوریس کی گیند پر ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پہلے ٹی 20 میچ میں عمدہ سنچری سکور کرنے والے محمد رضوان آج بھی سب سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہے اور 51 رنز بنا کر ڈوین پریٹوریس کی گیند پر فیلوک وائیو کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔  126 کے مجموعی سکور پر خوشدل شاہ بھی ڈوین پریٹوریس کا شکار بن گئے اور 15 کے انفرادی سکور پر ہینرچ کلاسن نے انہیں کیچ کیا۔ آل رائونڈر فہیم اشرف 12 گیندوں پر 30 اور عثمان قادر چار رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے تمام بائولرز نے ہی نپی تلی بائولنگ کا مظاہرہ کیا تاہم ڈوین پریٹوریس سب سے کامیاب بائولر ثابت ہوئے جنہوں نے چار اوورز میں 17 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اینڈیل فیلوک وائیو اور تبریز شمسی ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، حیدر علی، حسنین طلعت، افتخا راحمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، محمد نواز، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف شامل ہیں۔ 

جنوبی افریقہ ٹیم کی قیادت ہینرچ کلاسن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جانیمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے سمٹس، ڈیوڈ ملر، پیٹے وین بیلون، اینڈیل فیلوک وائیو، ڈوین پریٹوریس، گلینٹن سٹورمن، لوتھو سیپاملا اور تبریز شمسی شامل ہیں۔