لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 13 جولائی 1931ء کے شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام پیش کیا ہے، جنہوں نے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی اور حق کی جدوجہد کی۔ اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ بھارتی قابض افواج آج کشمیر میں ڈوگرہ راج کے مظالم دہرا رہی ہیں، لیکن کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دی جا سکی۔
انہوں نے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر کہا کہ "کشمیر کے شہداء نے 1931 میں ڈوگرہ راج کو للکارا، اور آج بھی بھارتی قابض فوج انہی مظالم کی کہانیاں دہرا رہی ہے۔ چاہے وہ ڈوگرہ راج ہو یا آج کی بھارتی فوج، کشمیریوں کا حوصلہ کبھی کم نہیں ہوا۔"
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیر کے شہداء کی قربانیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ زنجیریں کبھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں، اور کشمیر کی سرزمین حریت، وفا اور قربانی کی خوشبو سے مہک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یوم شہداء کشمیر صرف ایک دن نہیں، بلکہ یہ اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی ایک صدا ہے۔"
وزیراعلیٰ پنجاب نے امریکی صدر ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر کے حل پر حالیہ بیان کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "کشمیری شہداء کی قربانیاں دنیا کو بتا چکی ہیں کہ کوئی جبر، کوئی طاقت کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتی۔"
مریم نواز نے مزید کہا کہ "پاکستان کی پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھتی ہے، اور ہم ہر حال میں ان کے ساتھ ہیں۔ کشمیر کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔"