Get Alerts

ایران میں اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید عوامی ردعمل، سڑکوں پر مظاہرے، فوری جوابی کارروائی کا مطالبہ

ایران میں اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید عوامی ردعمل، سڑکوں پر مظاہرے، فوری جوابی کارروائی کا مطالبہ

تہران: اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں پر فضائی حملوں کے خلاف ملک بھر میں شدید عوامی غصہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور احتجاجی مظاہرے کیے۔

ایران کے دارالحکومت تہران سمیت قم اور تبریز جیسے اہم شہروں میں ہزاروں افراد نے اسرائیل مخالف مظاہروں میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔

تہران میں مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملوں کا فوری اور فیصلہ کن جواب دے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ اور ’’فلسطین زندہ باد‘‘ جیسے نعرے لگائے۔

شہر قم میں جمعے کی نماز کے بعد ایک بڑے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب تک اسرائیل کو سخت جواب نہیں دیا جاتا، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔‘‘

تبریز کی جامع مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران نمازیوں نے اسرائیلی اقدامات کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت سے عملی ردعمل کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ آج صبح اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، جن میں مبینہ طور پر فوجی قیادت کی رہائش گاہیں، حساس تنصیبات، اور جوہری مراکز نشانہ بنائے گئے۔ ان حملوں میں اطلاعات کے مطابق 6 ایرانی سائنسدانوں سمیت متعدد اعلیٰ فوجی حکام شہید ہو چکے ہیں۔

ایران کی اعلیٰ قیادت نے حملوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کا جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جب کہ عالمی سطح پر بھی صورتحال پر تشویش بڑھ رہی ہے۔

ٹیگز: