مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر
کیپشن: مریم نواز کی ضمانت منسوخ کی جائے، نیب کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
سورس: file

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے گرد نیب نے گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا  ہے۔ نیب  لاہور نے مریم نواز کی  ضمانت  منسوخی   کے لیے لاہو ر ہائیکورٹ  سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ پیر 15مارچ کو لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ سماعت کریگا۔

نیب نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہیں۔ مریم نواز اپنی ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ مریم نواز کو طلب کیا جاتا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوتیں۔

نیب نے استدعا کی کہ  لاہور ہائیکورٹ  مریم نواز کی چودھری شوگر ملز میں  ضمانت منسوخ کرنے کا حکم  دے۔مریم نواز کیخلاف چودھری شوگر ملز سمیت دیگر کیسزمیں تحقیقات جاری ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کو جاتی امرا  اراضی کیس میں  2مارچ صبح 11بجے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کےسامنے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی ۔لیکن مریم نواز پیش نہیں ہوئیں۔جاتی امرا اراضی کیس میں نیب نے سابق ڈی سی لاہور نور الامین مینگل اور احد چیمہ کو بھی شامل تفتیش کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ نیب مریم نواز کی اراضی کے متعلق تفتیش کر رہا ہے۔ قومی احتساب بیورو لاہور نے مختلف موضع جات کی چودہ سو چالیس کنال اراضی کی رسیدیں مانگی ہیں۔

مریم نوازپر رائیونڈ میں خلاف قانون اراضی سستے داموں خریدنے کا الزام ہے۔ نیب نےمریم نوازسےایک ہزار440کنال اراضی پرجواب طلب کیا تھا۔

گزشتہ سال اگست میں بھی نیب نے مریم نواز کو طلب کیا تھا تاہم نیب لاہوردفتر کے باہر توڑ پھوڑ ،ہنگامہ آرائی کے باعث انہیں پیشی کے بغیر واپس بھیج دیا گیا تھا۔