عمران صاحب آپ ملک تباہ کرنے آئے تھے جو کردیا اب گھر جائیں : شہباز شریف 

عمران صاحب آپ ملک تباہ کرنے آئے تھے جو کردیا اب گھر جائیں : شہباز شریف 
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دے دیا ۔ عمران صاحب آپ واقعی آلو ٹماٹر کی قیمت ٹھیک کرنے نہیں آئے تھے بلکہ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے۔

وزیراعظم کے حافظ آباد میں خطاب پر رد عمل میں شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے  ملک کو تباہ کرنے کا کام  پورا کرلیا ہے، اب گھر جائیں عمران صاحب آپ تو سقوط کشمیر، سی پیک کو روکنے، کرپشن میں پاکستان کے 24 درجے بڑھانے آئے تھے، یہ تباہی آپ نے کر دی ہے، اب گھر جائیں۔ پاکستان کے دوستوں کو ناراض کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کردیا۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ  عمران صاحب آپ پاکستان کی معاشی خود مختاری آئی ایم ایف کے حوالے کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کر دیا ۔ آپ ڈالر کی قیمت 125 سے 180 کرنے آئے تھے معیشت کی یہ تباہی آپ نے پوری کامیابی سے کر دی ہے۔ فارن فنڈنگ کی کالی دولت کی مدد سے جو گند ڈالنے آئے تھے، وہ آپ پھیلا چکے۔ اس گندگی جو صاف کرنے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے پاکستان کی 6 فیصد گروتھ روکنے اور کم ترین 3 فیصد مہنگائی کو تاریخ کی بلند ترین 26 فیصد پر لیجانے کا ایجنڈا پورا کردیا۔  اپنا بنی گالہ کا غیرقانونی محل، حرام دولت حلال کرنے کی سکیمیں دینے آئے تھے۔  اس میں آپ پوری طرح کامیاب رہے ۔ آپ پٹرول کی قیمت 96 روپے سے 160 کرنے آئے تھے۔ آٹا 35 روپے سے 100، چینی 52 سے 130 روپے کلو اور بجلی 11 روپے سے 26 روپے فی یونٹ کرنے آئے تھے، یہ ظلم آپ کر چکے ہیں۔ 

شبہاز شریف نے کہا کہ گیس کی قیمت میں 100 فیصد، دوائی کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ، گھی 140 سے 440 روپے کلو آپ کر چکے ہیں ۔ دنیا میں پاکستان کو تیسرا مہنگا ترین ملک آپ بناچکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی قیامت برپا کر چکے ہیں۔آپ قوم کا آٹا چینی کھاد چھیننے آئے تھے، یہ کام آپ کامیابی سے انجام دے چکے ہیں ۔اخلاقیات کا جنازہ نکالنے آئے تھے، وہ آپ کر چکے ہیں  ۔عمران صاحب آپ کا کام پورا ہوگیا۔  اب گھر جائیں اور مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کی ماری قوم کو سکھ کا سانس آنے دیں۔

مصنف کے بارے میں