(ن) لیگ پی ڈی ایم کی چھتری کے نیچے ڈائیلاگ کرنے جا رہی ہے، شیخ رشید

Pakistan,sheikh raseedh,PM,Imran Khan,Nawaz Sharif
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا یہ لوگ بند گلی میں داخل ہو چکے ہیں کیونکہ یہ پہلے کہتے تھے کہ ہماری لڑائی عمران خان سے نہیں ہے لیکن اب مریم نواز کے بیان سے عمران خان کی حکومت کو استحکام ملا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی چھتری کے نیچے مسلم لیگ ن ڈائیلاگ کرنے جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان بھی کہیں نہیں جا رہے اپنی مدت پوری کریں گے اور چودھری بردارن عمران خان کو ووٹ دیں گے اور نواز شریف کی چودھری برداران کے سامنے نہیں چلے گی۔

 شیخ رشید نے کہا مسلم لیگ ن کے لوگ اب خود ہی کھل کر بات کر رہے ہیں کہ وہ نواز شریف کی جانب سے اپنائے ہوئے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں۔  گلگت بلتستان کے الیکشن میں شکست کو دیکھ کر ان کے چہرے اترے ہوئے ہیں اور اس لئے اب یہ ایسی بات کر رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن سے پیپلز پارٹی بہتر کھیلی ہے .

ان کا مزید کہنا تھا وزیراعظم عمران خان مہنگائی کے لئے اقدامات کرنے جا رہے ہیں اور چینی کا بحران بھی اب ختم ہو جائے گا اور آئندہ کے لئے بھی حکمت عملی بنا لی گئی کہ چینی بحران پھر سے پیدا نہ ہو۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لئے تیار ہے لیکن ان سے اب بات چھپ چھپا کر نہیں عوام کے سامنے ہو گی جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بات چیت پر غور کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے ایک ہی شرط ہے کہ پہلے تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔