پنجاب میں شدید بارشوں کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب میں شدید بارشوں کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
کیپشن: پنجاب میں شدید بارشوں کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے اتوار کے روز تک پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، چکوال اور اٹک میں شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی ژالہ باری اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم شام یا رات کے اوقات میں شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جمعرات کے روز بلو چستان، پنجاب، بالائی سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں گرم رہا۔ تاہم دیر اور مری میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق پڈعیدن، موہنجو داڑو 44، مٹھی، شہید بینظیر آباد، روہڑی 43، دادو، لاڑکانہ، سکرنڈ اور سکھر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔