پاکستان میں بھی سپر مون اپنا دیدار کروائے گا

پاکستان میں بھی سپر مون اپنا دیدار کروائے گا

لاہور : پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج سپر مون دیکھا جا سکے گا جو کہ ستر سال بعد دکھائی دیتا ہے،یہ عمومی سائز سے 14 فیصد بڑا اور تیس فیصد زیادہ روشن دیکھائی دیتا ہے جبکہ  بلوچستان  نے ساحلی علاقوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ستر سال بعد دنیا کے کئی ممالک میں سپر مون کا نظارہ ہوگا، سپر مون کہلانے والا یہ چاند زمین کے انتہائی قریب آجائے گا، زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ انتہائی کم ہوگا۔ وفاقی وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے  بلوچستان کے ساحلی علاقوں کیلئے اور قلات، مکران ، گوادر ، لسبیلہ کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔جس کے مطابق سپرمون سے زمین کے کشش ثقل پر اثر پڑے گا، سپرمون کے باعث سمندر کی لہروں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ پیدا ہوگا، لہروں میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال 48 سے 72گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے، جس کے باعث ساحلی علاقوں پر رہنے والے عوام کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سال نظر آنے والا سپر مون عام چاند سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصدزیادہ روشن ہوگا یعنی کہ چاند زمین کے جتنا قریب اس مہینے آئے گا اتنا گزشتہ ستر سالوں میں نہیں آیا۔امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کی رپورٹ کے مطابق  14 نومبر کو ہونے والا یہ سپرمون نہ صرف 2016 کا سب سے بڑا چاند ہوگا بلکہ 21 ویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سپر مون ہوگا۔

غیر معمولی طور پر اتنے خوبصورت چاند کا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے پچیس نومبر دوہزارچونتیس تک انتظار کرنا ہوگا۔

بین الاقوامی وقت کے مطابق یہ اس سال کا سپر مون دوپہر 1:52 منٹ پر ہوگا یعنی کے پاکستان میں اس وقت شام 6:52  منٹ ہورہے ہوں گے اور موسمِ سرما کی وجہ سے اندھیرا چھا چکا ہوگا۔