ضمنی انتخابات،الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کو فعال کردیا

ضمنی انتخابات،الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کو فعال کردیا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) اور رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کو فعال کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب 2018 کے انتظام اور نتائج کی ترسیل کے لیے الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس اور آر ایم ایس سسٹم فعال کر دیا ہے۔ اس موقع پر نتائج کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نادرا کی ٹیم بھی الیکشن کمیشن میں موجود ہے۔


پریزائیڈنگ افسران آر ٹی ایس پر الیکشن کمیشن کو نتائج بھیجیں گے جب کہ ریٹرننگ افسر آر ایم ایس پر نتائج ارسال کریں گے۔ نتائج کی موصولی کا عمل پانچ بجے کے بعد فورا بعد شروع ہو جائے گا۔


الیکشن کمیشن کے مرکزی سیل میں شکایات موصول ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک الیکشن کمیشن کو 10 شکایات موصول ہوچکی ہیں جن کا فوری ازالہ کیا جارہا ہے۔ زیادہ تر شکایات میڈیا نمانئدوں کو پولنگ اسیٹشنز میں داخلے سے روکے جانے کی ہیں۔


الیکشن کمیشن نے میڈیا کو پولنگ اسٹیشنز پر روکے جانے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے میڈیا کو نہ روکنے کی ہدایت کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا اور سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور انتظامات کا جائزہ لے کر انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر الیکشنز ندیم قاسم نے انہیں شکایات سیل اورف ڈی جی آئی ٹی خضر حیات نے آئی ووٹنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔