Get Alerts

پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

پشاور : پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے حوالے سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں عدالت نے اس معاملے کی سماعت کی، جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گورنر سرکاری دورے پر ہیں اور وہ کل 2 بجے واپس آئیں گے۔

چیف جسٹس نے اس پر سوال کیا کہ گورنر نے حلف کے بارے میں کیا کہا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے استعفے کی منظوری کے لیے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو بلایا ہے۔ اس پر عدالت نے مزید پوچھا کہ آیا گورنر نے حلف برداری کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے؟ تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ گورنر خود فیصلہ کریں گے اور اس حوالے سے انہوں نے عامر جاوید ایڈووکیٹ کو دلائل دینے کے لیے نامزد کیا ہے۔

عامر جاوید ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گورنر کا کل واپس آنا متوقع ہے، اور اس کے بعد حلف برداری کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک نئے وزیراعلیٰ کا حلف نہیں لیا جاتا، پرانا وزیراعلیٰ دفتر کا کام جاری رکھے گا۔

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تب ہوگا جب الیکشن نہ ہوئے ہوں، لیکن یہاں تو الیکشن ہو چکا ہے اور دیگر جماعتوں نے بھی وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

عامر جاوید نے کہا کہ کل گورنر جب آئیں گے تو ہوسکتا ہے وہ استعفیٰ منظور کریں اور حلف لیں، حکومت کے پاس جہاز بھی ہے، اگر جلدی ہے تو جہاز بھیجیں وہ رات کو آجائیں گے، اس پرعدالت نے کہا کہ کیا گورنر پبلک فلائٹ سے آتا ہے،  عامر جاوید نے بتایا کہ جی گورنر پبلک فلائٹ سے سفر کرتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور اب اس معاملے پر مزید کارروائی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: