دورہ امریکہ، آرمی چیف کی اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں

 دورہ امریکہ، آرمی چیف کی اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں
سورس: file

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکہ میں اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے  ملاقاتیں  کیں۔ 

پاک آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے نشانِ امتیاز (ملٹری) کے جاری امریکہ دورے کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے  ملاقاتیں کیں۔ 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان اہم ملاقاتوں میں انٹونی جے بلنکن(سیکرٹری آف سٹیٹ)،  جنرل لائیڈ جے آسٹن (ریٹائرڈ) سیکرٹری دفاع  کے ساتھ ساتھ وکٹوریہ نولینڈ(نائب وزیر خارجہ)، جوناتھن فائنر(نائب قومی سلامتی مشیر) اور جنرل چارلس کیو براؤن, چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔   دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ 

دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی  اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی اور  دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ 

آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی اور  بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے  SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک  پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی   دعوت دی اور ساتھ ہی آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔

 آرمی چیف نے  بیرون ملک پاکستانیوں کے لیئے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو  انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے - بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آخر میں بیرون ملک پاکستانی  کمیونٹی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور افواج کی پاکستان کے لئیے خدمات کو سراہا - آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔

مصنف کے بارے میں