لاہور: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے ماہِ رمضان کی آمد کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں امتِ مسلمہ کو اتحاد اور یگانگت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ دینِ اسلام میں جبر، تشدد اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے اپنے خطاب میں "پیغامِ پاکستان" کو ایک متفقہ اور قومی دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن کمیٹیوں کے قیام کا بنیادی مقصد اس پیغام کو ملک کے طول و عرض میں پھیلانا ہے۔
پاکستان میں تمام مسالک کے درمیان مثالی وحدت موجود ہے، جس کا ثبوت اسلام آباد دھماکے کے بعد تمام مکاتبِ فکر کے علما کا جائے وقوعہ پر متحد ہو کر پہنچنا ہے۔انہوں نے انتہا پسندانہ سوچ کی بیخ کنی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن نفرتوں کو مٹانا اور معاشرے میں محبتوں کو عام کرنا ہے۔دین میں کوئی جبر نہیں، انتہا پسندانہ نظریات کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کاکہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو تقسیم کرنے والے عناصر کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل نے واضح کیا کہ امتِ مسلمہ کو اس وقت جن سنگین مسائل کا سامنا ہے، ان کا واحد حل وحدت اور اتحاد میں پنہاں ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ رمضان المبارک کا مہینہ ملک و قوم کے لیے امن اور سلامتی کا گہوارہ ثابت ہو۔