مالک مکان نے کرائے داروں کی وجہ سے خودکشی کرلی

مالک مکان نے کرائے داروں کی وجہ سے خودکشی کرلی

ممبئی : مالک مکان کی طرف سے کرائے دار کو دھمکی کا تو سنا تھا لیکن کسی کرائے دار کی طرف سے مالک مکان کو دھمکی دینا اور پھر اس پر ستم کہ مالک مکان کا خود کشی کرلینا یقینی طور پر حیران کن خبر ہے ۔ 

 تفصیلات کے مطابق مالک مکان کی خودکشی کا افسوسناک واقعہ بھارتی شہر ناگپور کے جھری بھاٹا تھانے کے علاقے میں ہوا ۔ جہاں مالک مکان نے کرائے دار کی طرف سے دھمکیوں کے بعد تنگ آکر خود کشی کرلی ۔ موبائل پر بنی ویڈیو وائرل ہوئی تو بات پولیس تک جاپہنچی اور پولیس کو گھر کی تلاشی کے دوران ایک تحریر سے ساری کہانی سمجھ آگئی ۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق مالک مکان مکیش سری چندر جوانی نے خود کشی سے قبل اپنی ویڈیو بنائی  جس میں اس کو گلے میں پھندا ڈالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ مالک مکان نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی لکھی جس میں اس نے اپنی زندگی کے خاتمے کی وجہ اپنے کرائے داروں کو قرار دیا ۔

ہوا کچھ یوں کہ مکیش سری چندرجوانی نے مئی 2019 میں اپنا گھر کرائے پر راجیش کھیتیا کو دیا تھا ۔ راجیش نے کچھ ہی دن بعد اپنے بھائی مولچند کی مدد سے مالک مکان کو دھمکیاں دینا شروع کردیں بات آگے بڑھی تو دونوں بھائیوں نے مالک مکان کو جان سے مارنے تک کی دھمکی بھی دے ڈالی ۔ 

کرائے دار  بھائیوں نے ناگپور کارپوریشن میں شکایت درج کرائی کہ ان کے مکان مالک نے گھر غیرقانونی طورپر تعمیر کیا ہے اور اس شکایت کے بدلے میں مالک مکان کو بلیک میل کرکے پانچ لاکھ روپے بھی بٹور لئے ۔ 

کرائے داروں نے اس پر بس نہیں کیا اور مالک مکان سے مزید رقم کا مطالبہ کیا جس پر مالک مکان نے ان کو رقم دینے سے انکار کیا اور کہا کہ میرا گھر خالی کردو لیکن دونوں بھائیوں نے اس کو کہا کہ اب ہم یہاں سے نہیں جائیں گے بلکہ تم جاؤ گے اور اگر تم نے گھر خالی نہ کیا تو ہم تمہیں جان سے ماردیں گے ۔ 

مالک مکان نے صورتحال سے دلبرداشتہ ہوکر اپنی ہی زندگی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور گلے میں پھندہ ڈال کر اپنی زندگی ختم کرلی ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ مکیش سری چندر جوانی نے اپنے کرائے داروں کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کی ہے ۔ 

  پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے  دونوں کرائے دار بھائی اس وقت مفرور ہیں لیکن پولیس ان کے تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔