مصبا ح الحق 112 کلو کے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں شمولیت پر ناراض

مصبا ح الحق 112 کلو کے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں شمولیت پر ناراض
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے قومی ٹیم میں 112 کلو کے شرجیل خان کی شمولیت نے قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کو ناراض کر دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مزید ’ان فٹ‘ کرکٹرز کیلئے قومی ٹیم کا دروازہ کھل جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق ’فٹنس کلچر‘ پر ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی ایک صفحے پرنظر نہیں آ رہیں، دورہ جنوبی افریقہ اورزمبابوے کیلئے سکواڈ میں ’اوور ویٹ‘ شرجیل خان کی شمولیت نے معاملات بگاڑ دئیے، مصباح الحق نے جب سے قومی کرکٹ ٹیم کو سنبھالا، فٹنس پر ان کی خاص توجہ رہی ہے مگر اس بار محمد وسیم نے شرجیل خان کو منتخب کر کے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان نے چند برس قبل ایک ٹور میں مکی آرتھر سے96 کلو کے شرجیل کو واپس بھیجنے کا کہا تھا ، اوپنر اب 112 کلو کے ہو چکے اور قومی ٹیم میں ان کی شمولیت مصباح کو سخت گراں گزری ہے، وہ یاسر شاہ کو فٹنس کا جواز دے کر ٹیم میں شامل نہ کرنے پر بھی ناخوش ہیں۔ 
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئندہ فٹنس کی جگہ صلاحیت کو کسی کھلاڑی کے انتخاب کا پیمانہ قرار دینے کا بیان دیا تھا اور مصباح الحق اس پر بھی ناراض ہیں جنہیں لگتا ہے کہ اس سے مزید ’ان فٹ‘ کرکٹرز کیلئے ٹیم کا دروازہ کھل جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ شرجیل کو سکواڈ کا حصہ تو بنا لیا گیا لیکن فوری طور پر کھلانے کا زیادہ امکان نہیں ہے، ہیڈ کوچ کو اس بات کا بھی دکھ ہے کہ چیف سلیکٹر نے مشاورت کے باوجود چند کھلاڑیوں کے معاملے میں من مانی کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ کپتان بابر اعظم بھی سکواڈ کی سلیکشن سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، البتہ اس کی تصدیق نہیں ہو سکی، دریں اثنا رابطے پر بورڈ کے ترجمان نے کہا ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی میں اختلافات کی باتیں درست نہیں، تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہی ہوتے ہیں۔