میر علی میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 2 افسروں سمیت 7 جوان شہید

میر علی میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 2 افسروں سمیت 7 جوان شہید

میر علی : شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہےجس میں پاک فوج کےدوافسران سمیت 7 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آرکےمطابق 6 دہشت گردوں نے سکیورٹی فورس کی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک  پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے بعد متعدد خود کش حملے ہوئے۔ 

خود کش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جس سے 5 جوان شہید ہوگئے ۔ شہدا میں  حوالدار صابر ، نائیک خورشید ، سپاہی ناصر ،سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی قیادت میں فوجی جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور تمام 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہشدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر نے بھی شہادت کو اپنے گلے لگا لیا۔ علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔