پاک بھارت آبی مذاکرات ناکام، بھارت تحفظات دور نہ کر سکا

پاک بھارت آبی مذاکرات ناکام، بھارت تحفظات دور نہ کر سکا

واشنگٹن: عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹرز میں پاک بھارت آبی سیکریٹری سطح کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ مذاکرات میں بھارت کشن گنگا، رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ کی تعمیر پر پاکستان کے تحفظات دور نہ کر سکا۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت آبی سیکریٹری خارجہ مسئلہ حل کرنے کے لیے فورم کے چناؤ پر بھی اتفاق نہ کر سکے۔ بھارت ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا اور آبی تنازع حل کرنے کے لیے پیش کردہ ایک بھی آپشن پر بھی اتفاق نہ کیا۔

پاکستان نے معاہدے کے تحت عالمی بینک سے ثالثی کورٹ پینل کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری واٹر ریسورس ڈویژن عارف احمد کر رہے ہیں جبکہ پانی و بجلی کی وزارت کے سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر، انڈس واٹر ٹریٹی کے لیے ہائی کمشنر مرزا آصف بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری پانی سید مہر علی شاہ بھی وفد میں شامل ہیں۔

اس سے قبل دونوں ملکوں کے درمیان دوروزہ مذاکرات یکم اگست کو ہوئے تھے جس میں یہ طے پایا تھا کہ بعض امور پر دونوں ممالک کے وفود اپنے اپنے ممالک میں حکومتوں پر مزید مشاورت کے بعد مذاکرات کے اگلے دور میں شریک ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں