سندھ میں 23 اگست سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے

سندھ میں 23 اگست سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے
سورس: فائل فوٹو

کراچی : وزیرتعلیم سندھ سیدسردار شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں 23 اگست  پیر سے  تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ پچاس فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا  گیا ہے۔ 

محکمہ تعلیم  سندھ  کی اسٹیرنگ کمیٹی  کے اجلاس کے بعد  پریس بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ پیر 23 اگست سے صوبے بھر میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہی اسکول کھلیں گے جن کا عملہ 100 فیصد ویکسین لگوا چکا ہے ۔ تعلیمی ادارے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔

سردار شاہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین نے تنخواہ بند ہونے کے ڈرسے سو فیصد ویکسین کروالی ہے ۔  دیہات میں ویکسی نیشن کاعمل سست ہے ۔ اس لیے وہاں کچھ رعایت حاصل ہوں گی۔

یکساں تعلیمی نصاب کے حوالے سے سردار علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کا آئین نہیں پڑھا ۔ انہوں نے اپنے منشور میں کہہ دیا تھا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کریں گے ۔ ہم اپنے ہیروز کے بارے میں بچوں کو پڑھا رہے ہیں، میرے لوگ روپلو کولہی، مخدوم بلاول اور دودو سومرو کو پڑھنا چاہتے ہیں تو میں کیوں نہ پڑھاؤں۔