لودھراں: پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین لودھراں جنکشن کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات دو بج کر دس منٹ پر پیش آیا، جب ٹرین مقڑہ اسٹیشن پر نہ رک سکی اور آگے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ اس تصادم کے دوران عوامی ایکسپریس کی پانچ بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں، جن میں سے تین کو شدید نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور پھنسے ہوئے مسافروں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ضلع انتظامیہ کی ٹیم، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کر رہی تھیں، بھی موقع پر پہنچ چکی ہے اور حادثے کا جائزہ لے رہی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق، اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت پر کوئی اثر نہیں پڑا، اور عوامی ایکسپریس کو مرمت اور کلیئرنس کے بعد دوبارہ روانہ کر دیا گیا ہے۔