جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والا مرکزی ملزم میاں طارق گرفتار

جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والا مرکزی ملزم میاں طارق گرفتار
کیپشن: جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان حلفی میں میاں طارق کا ذکر کیا تھا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب / نیو نیوز

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق میاں طارق کی گرفتاری ایف آئی اے اسلام آباد کے سائبر کرائم ونگ نے کی۔ ملزم کے گھر سے ویڈیو بھی برآمد کی گئی جس کا فرانزک کرا لیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا میاں طارق دبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان حلفی میں میاں طارق کا بھی ذکر کیا ہے۔

خیال رہے 6 جولائی 2019 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو نواز شریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا۔ اس بنیاد پر مریم نواز نے یہ مطالبہ کیا کہ چونکہ جج نے خود اعتراف کر لیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔