ٹوکیو اولمپکس ویلج میں پہلا کورونا مثبت کیس سامنے آ گیا

ٹوکیو اولمپکس ویلج میں پہلا کورونا مثبت کیس سامنے آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس کے ویلج میں پہلا کورونا مثبت کیس سامنے آ گیا ہے جس کے باعث اولمپکس گیمز شروع ہونے سے قبل ہی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 
جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویلج میں مقیم کوویڈ ٹیسٹ رپورٹ پازٹیو آنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم ٹوکیو گیمز آرگنائزنگ کمیٹی کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ گیمزسے متعلقہ کوویڈ پازٹیوشخص جاپانی نہیں اوراس غیر ملکی شخص کو 14 دن کیلئے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق ویلج میں 11ہزار کے قریب ایتھلیٹس اور آفیشلز کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کوویڈ پازٹیو کیسز میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر تمام احتیاطی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ 
دوسری جانب پاکستان کا 22 رکنی دستہ ان کھیلوں میں شریک ہو گا جبکہ قومی دستے کے دو کوویڈ لائزن آفیسرز ڈاکٹر اسد عباس اور جاوید شمشاد لودھی اس وقت ویلیج میں ہیں۔ 
بیڈمنٹن کھلاڑی ماہ نور شہزاد، سوئمرز بسمہ خان، حسیب طارق، شوٹرگلفام جوزف، خلیل اختر، غلام مصطفی بشیراوران کے ساتھ آفیشلز آج ویلیج پہنچ جائیں گے جبکہ ٹوکیو اولمپکس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب 23 جولائی کو ہورہی ہے۔