Get Alerts

موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کرنا ہوگی:شہباز شریف

موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کرنا ہوگی:شہباز شریف

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بروقت اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد، لاہور اور چکوال سمیت پنجاب اور شمالی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں جن سے نظامِ زندگی متاثر ہوا۔

وزیرِ اعظم نے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موجودہ صورتحال کا مؤثر انداز میں سامنا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ آئندہ ممکنہ موسمی خطرات کے لیے پیشگی حکمت عملی تیار کی جائے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ این ڈی ایم اے کو درکار تمام سازوسامان اور وسائل کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اگلے سال کے لیے ابھی سے مکمل تیاری کرنا ہو گی۔

انہوں نے قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیر منصوبہ بندی اور وزیر موسمیاتی تبدیلی ایک جامع اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں، اور عوامی سطح پر جاری آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہری بروقت معلومات حاصل کر کے اپنی حفاظت کر سکیں۔

ٹیگز: