اداکار فیروزخان نے ائیروناٹیکل انجنیئر کو نوکری کی آفر کردی

اداکار فیروزخان نے ائیروناٹیکل انجنیئر کو نوکری کی آفر کردی
سورس: file photo

کراچی ،اداکار فیروز خان نے چین سے ائیروناٹیکل انجینئر کی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود جوس بیچنے والے عبدالملک کو ملازمت کی پیشکش کردی۔

سوات سے تعلق رکھنے والے عبدالملک اچھے مستقبل کا خواب لے کر پاکستان آئے تھے لیکن انہیں اہلیت کے مطابق ملازمت نہ مل سکی جس کے بعد وہ ان دنوں کراچی میں تربوز کا جوس بیچنے پر مجبور ہیں۔عبدالملک کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جہاں صارفین کی جانب سے افسردگی کا اظہار کیا گیا وہیں اداکار فیروز خان نے عبد الملک کو ملازمت دینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

انسٹاگرام کے مختلف پیجز پر فیروز خان کا  کمنٹ شیئر کیا جارہا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص میرا ان سے رابطہ کروادے میں انہیں ملازمت دینا چاہتا ہوں۔

کراچی میں جوس بیچنے والے ائیروناٹیکل انجینئر عبدالملک ان دنوں میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

عبدالملک کی اسکولنگ عرب امارات میں ہوئی جب کہ انہوں نے ائیروناٹیکل انجینئرنگ کی ڈگری چین کی یونیورسٹی سے حاصل کی۔