دستخط اور ٹرمپ کی شخصیت کا تعلق

دستخط اور ٹرمپ کی شخصیت کا تعلق

واشنگٹن: ماہرین کا کہناہے کہ کسی کی بھی تحریر اس کی شخصیت کی عکاسی کرتی اب تو دستخط کو دیکھ کر شخصیت کے بارے میں بتانے والے ماہر بھی اپنی ماہرانہ صلاحیتوں سے سب کچھ بتا دیتے ہیں۔

رطانوی اخبار، دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق، ’’ برٹش انسٹی ٹیوٹ آف گرافو لوجسٹس‘‘ سے وابستہ تحریر شناس، ٹریسی ٹرسل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کا نہایت باریک بینی سے معائنہ کیا ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ جلد ہی اوول ہائوس میں داخل ہونے والے فرد کی شخصیت کیسی ہو گی۔

مذکورہ خاتون تحریر شناس کا کہنا ہے کہ بڑی تحریر، اوپر کی جانب ترچھے الفاظ اور لمبے حروف ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت کے بارے میں سب کچھ بتا تے ہیں۔ ٹریسی ٹرسل کے مطابق ’’ ٹرمپ کے دستخط ان کے سرکش عزائم، تحرک، بہادری اور بے خوفی کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ وہ طاقت کے بھوکے ہیں اور ان میں عزم اور ضد کا مادہ دونوں پائے جاتے ہیں۔‘‘

ٹرسل کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ کا اندازِ تحریر بتاتا ہے کہ وہ اپنی زور دار فطرت کے باوجود محتاط بھی ہیں، بالخصوص جب ان کے خاندان کی بات ہو۔ خاتون تحریر شناس کا تجزیہ ہے کہ ٹرمپ زیادہ اچھے سامع نہیں ہیں، لیکن وہ بلاشبہ ایک سخت بات چیت کرنے والے انسان ہیں۔ وہ نہایت سخت موقف رکھتے ہیں، صاف گو ہیں اور جرأت کے ساتھ بات کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اب تک کے سیاسی بیانات میں ان کا نڈر پن واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔ مثال کے طور انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکا اور میکسیکو کے درمیان دیوار تعمیر کرنے، مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عاید کرنے اور ہلیری کلنٹن کو جیل میں ڈالنے جیسے سخت اعلانات کیے تھے، جن پر دنیا بھر میں کڑی تنقید کی گئی تھی۔

تاہم، دوسری جانب ٹرمپ کے دستخط کے تجزیے میں ایک حیران کن بات بھی سامنے آئی۔ اگر چہ نو منتخب امریکی صدر اپنے سخت موقف اور نظریات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، لیکن ٹرسل کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی تحریر سے ان کے لچکدار رویے کے بارے میں بھی پتہ چلتا ہے اور ان کے دستخط میں شامل لمبے حروف اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ وہ بالکل ہی غیر لچک دار شخص نہیں ہیں، جیسا کہ لوگ ان کے بارے میں سوچتے ہیں۔‘‘

ٹریسی ٹرسل کا آخری تجزیہ کس قدر درست ہے، اس کے لیے دنیا کو ابھی انتظار کرنا ہو گا۔