لاہور میں نویں محرم الحرام کے جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور میں نویں محرم الحرام کے جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج نویں محرم کے شب عاشور پر کربلا کے شہدا کی یاد میں شادمان کا مرکزی جلوس قصر بتول امام بارگاہ سے برآمد ہوا ہے جو اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا شاہ جمال جاکر اختتام پذیر ہو گا جبکہ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہونے والا جلوس خیمہ سادات پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا
 عزداروں کی بڑی تعداد جلوس میں شہدا کربلا کو سلام پیش کرنے پہنچ رہی ہے جبکہ اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات ہیں۔ 
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ تا خیمہ سادات کے جلوس میں آنے والے زائرین کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، پانڈو سٹریٹ جلوس پر 02ایس پیز، 07 ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹرز اور 133 اپر سب آرڈینیٹس ڈیوٹی پر مامور ہیں، جلوس کی سیکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر02 ہزار سے زائد پولیس افسران وجوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ جلوس کے روٹ کوپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور جلوس کے روٹ میں آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں، ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں کے موثر گشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ 
جلوس کے شرکاءکوتین درجاتی حفاظتی حصار فراہم کیا جا رہا ہے، شرکاءکو مکمل جسمانی تلاشی کے بعدہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ساجد کیانی کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیر ئیرز کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پانڈو سٹریٹ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہواخیمہ سادات پر اختتام پذیر ہو گا، شہری جلوس میں شامل ہونے کیلئے مقرر کردہ پوائنٹس پر گاڑیاں پارک کریں۔