Get Alerts

تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مزید کم کرنے کی کوشش کریں گے: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مزید کم کرنے کی کوشش کریں گے: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

کراچی : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا اصل کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جاب فیئر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مزید کم کیا جائے، کیونکہ معیشت کی ترقی میں اس طبقے کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی حقیقی قیادت نجی شعبے نے کرنی ہے، اور جاب فیئر جیسے اقدامات نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں خود پرائیویٹ سیکٹر سے آیا ہوں، اور جانتا ہوں کہ وہاں کام کا معیار اور محنت کی نوعیت کیسی ہوتی ہے۔"

محمد اورنگزیب نے کہا کہ جاب فیئر میں سرکاری اور نجی اداروں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، محنت اور مسلسل سیکھنے کا عمل ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معیشت میں بہتری کے اشارے واضح ہیں، ٹیرف اصلاحات کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی استحکام کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت توانائی کی قیمتوں میں کمی کی سمت میں بھی پیش رفت کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

ٹیگز: