سفری پابندیوں کے باعث افغان طالبان کا دورہ پاکستان ملتوی

سفری پابندیوں کے باعث افغان طالبان کا دورہ پاکستان ملتوی
کیپشن: افغان امن مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔۔۔فائل فوٹو

دوحا: افغان طالبان نے سفری پابندیوں کے باعث پاکستان کا دورہ ملتوی کر دیا۔ افغان طالبان کے وفد کو افغان مفاہمتی عمل کے سلسلے میں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق آج اسلام آباد پہنچنا تھا تاہم اقوام متحدہ اور امریکا کی جانب سے عائد کردہ سفری پابندیوں کے باعث طالبان پاکستان نہیں آ رہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کے قطر میں موجود سیاسی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکراتی ٹیم کو افغان امن مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو سفری پابندیوں کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے تاہم مذاکرات کے لیے نئی تاریخ طے کی جائے گی۔

افغان طالبان کے وفد کی وزیراعظم عمران خان اور امریکی حکام سے ملاقاتیں بھی ہونا تھا تاہم دورہ ملتوی کرنے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ افغانستان میں امریکا کی جانب سے چھیڑی جانے والی طویل جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں اور اسی سلسلے میں مذاکرات کا ایک دور آج سے اسلام آباد میں شیڈول تھا۔