ماہرہ خان نے ڈراما انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان کر دیا

ماہرہ خان نے ڈراما انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان کر دیا
کیپشن: ماہرہ خان نے ڈراما انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان کر دیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور:  پاکستان کی سپراسٹار کہلانے والی اداکارہ ماہرہ خان نے اعلان کیا ہے وہ رواں برس چھوٹی اسکرین پر واپس آئیں گی۔ نجی ٹی وی چینل کے 16 برس مکمل ہونے کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے ماہرہ خان نے ڈراموں میں واپسی کا بتایا۔

انہوں نے وبا سے متاثر ہونے کے باعث قرنطینہ میں گزارے وقت کا احوال سناتے ہوئے کہ میری علامات بہت زیادہ تھیں اور بہت مشکل وقت تھا اور الحمداللہ اب میں ٹھیک ہوں۔ اس دوران اسکرپٹس پڑھے اور ان میں سے ایک اسکرپٹ ایم ڈی پروڈکشن کی تھی ۔

ماہرہ خان نے کہا کہ انشااللہ رواں برس سال 2021 میں ڈراموں میں واپس آوں گی اور اس سال ستمبر میں ان کے سپر ہٹ ڈرامے ”ہمسفر“ کو 10 برس ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ماہرہ خان نے ڈراما انڈسٹری میں واپسی کا عندیہ دیا ہو۔ گزشتہ برس بھی کہا تھا کہ وہ ڈراموں میں واپس آئیں گی ۔سال 2020 میں سون نامی ٹوئٹر ہینڈل نے ماہرہ خان سے پوچھا تھا کہ آپ ہمیشہ کہتی ہیں کہ آپ ڈراموں میں کام کریں گی۔ کیا اس مرتبہ حقیقت میں آپ ڈراموں میں واپسی کریں گی یا یہ بھی ایک مذاق تھا۔ جس کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا تھا کہ اس مرتبہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ اپنی فلم مکمل کرنے کے فوراً بعد ڈراموں میں واپس آوں گی۔