Get Alerts

نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خلاف ہر محاذ پر لڑنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

 نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خلاف ہر محاذ پر لڑنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خلاف ہر محاذ پر لڑنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق یہ رویے معاشروں میں انتشار، عدم برداشت اور تشدد کو جنم دیتے ہیں، جو صرف ایک فرد نہیں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہوتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اسلاموفوبیا اس نفرت کی سب سے خطرناک شکل ہے، جس میں مسلمانوں کی شناخت، عبادت گاہوں اور گھروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس روش نے دنیا کے امن کو مستقل خطرے سے دوچار کر رکھا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ "آزادی اظہار" کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کو بے نقاب کرے اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر جو معاشروں میں تفریق پیدا کرتے ہیں، انہیں روکنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان میں نفرت پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ ہم اپنے ملک میں محبت، رواداری اور باہمی احترام کے کلچر کو فروغ دیں گے تاکہ ایک پرامن اور مضبوط معاشرہ تشکیل پا سکے۔

ٹیگز: