کورونا وائرس، اپنا کام کیا نہیں اور ہمیں کہتے ہیں عدالتیں بند کر دیں، چیف جسٹس

کورونا وائرس، اپنا کام کیا نہیں اور ہمیں کہتے ہیں عدالتیں بند کر دیں، چیف جسٹس
کیپشن: عدالتیں تو حالتیں جنگ میں بھی بند نہیں ہوتیں، چیف جسٹس۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث عدالتیں بند کرنے کی وزارت قانون کی تجویز پر ریمارکس دیے کہ عدالتیں تو حالتیں جنگ میں بھی بند نہیں ہوتیں، اپنا کام کیا نہیں اور ہمیں کہتے ہیں عدالتیں بند کر دیں۔

وزارتِ قانون نے گزشتہ روز ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھا تھا جس میں سول کیسز کی سماعت کم از کم تین ماہ کے لیے ختم کرنے اور عدالتیں کارروائی بھی کچھ عرصے کے لیے بند کرنے تجویز دی گئی تھی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پی آئی اے کے سی ای او کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وزارت قانون کے خط کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث وزارتِ قانون کی عدالتیں بند کرنے کی تجویز کی مخالفت کی۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ہم تو عدالتی کام کے لیے یہاں موجود ہیں، حکومت نے کورونا سے متعلق کوئی اقدام نہیں کیا، ہمیں کہہ دیا کہ عدالتی کام روک دیں۔

معزز چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالتیں تو حالتیں جنگ میں بھی بند نہیں ہوتیں، اپنا کام کیا نہیں اور ہمیں کہتے ہیں عدالتیں بند کر دیں۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے مزید ریمارکس دیے کہ یہ کورونا وائرس بیرون ملک سے بذریعہ ائیرپورٹ آیا، یہ پی آئی اے اور حکومت کی نااہلی سے ہوا، اس وقت ہر جگہ ملک میں کورونا کی بات ہو رہی ہے، اگر سیکیورٹی کا یہ حال رہا تو کون سی بیماریاں ملک میں آجائیں گی۔

وزارت قانون کی تجویز پر چیف جسٹس پاکستان نے تمام ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کا اجلاس کل طلب کررکھا ہے جس میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث حکومت نے حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔