اوورسیز پاکستانیوں کو موبائل فون بغیر پی ٹی اے ٹیکس استعمال کی اجازت

اوورسیز پاکستانیوں کو موبائل فون بغیر پی ٹی اے ٹیکس استعمال کی اجازت
سورس: File

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نےاوور سیز پاکستانیوں اور ملک میں آنے والے غیرملکی باشندوں کے لئے آن لائن عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کردیا۔پروگرام کے تحت اوورسیزپاکستانی یا غیرملکی شہری کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر 120 دن تک اپنا ذاتی موبائل فون استعمال کرنے کی مفت سہولت حاصل سکیں گے، تاہم انہیں ہر بار پاکستان آنے کی صورت میں مفت رجسٹریشن کی سہولت کے لئے درخواست دینا ہوگی۔


بیرون ملک مقیم پاکستانی — بشمول طلباء اور ملازمین — اور سیاحت یا کاروباری مقاصد کے لیے پاکستان آنے والے غیر ملکی شہری اس نئی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں ترقی کر رہے ہیں۔ اس شعبے میں بے پناہ مواقع ہیں اور ہمیں انہیں ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے موجودہ بجٹ میں نوجوانوں کے لیے مختلف پروگراموں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی معیشت کی بحالی کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) تشکیل دی گئی ہے۔ ایس آئی ایف سی کو معاشی بحالی کا پروگرام قرار دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں طے شدہ اہداف کے حصول میں آئی ٹی کی وزارت کا کلیدی کردار ہے۔

وزیر اعظم نے آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کے لیے ملک میں آئی ٹی پارکس کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مزید سہولت کے لیے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ چند روز میں غیر مالیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2018 میں، حکومت نے 'موبائل فون ٹیکس پالیسی' متعارف کرائی جس کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر ایک فون لانے کی اجازت دی گئی۔ تاہم، انہیں ہوائی اڈے پر پہنچنے پر اپنے فون کو رجسٹر کرنے کی ضرورت تھی۔ ورنہ ان کا فون کام نہیں کرتا تھا۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی 60 دن کی مدت کے لیے ایک سم کے ساتھ اپنا درآمد شدہ فون استعمال کر سکتے ہیں۔ 60 دن کی مدت کے بعد، فون اس وقت تک کام نہیں کرے گا جب تک کہ وہ مذکورہ ڈیوائس کو ریگولرائز کرنے کے لیے واجب الادا ٹیکس ادا نہیں کرتے۔

 حکام نے شناختی رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم میں نئے فیچرز کو اپ گریڈ کیا ، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی 120 دنوں تک اپنے درآمد شدہ موبائل فون استعمال کر سکیں گے۔ یہ سسٹم ایف آئی اے، ایف بی آر اور پی ٹی اے کے درمیان ڈیٹا کا تبادلہ کرنے کے قابل تھا۔ یہ سسٹم ایف آئی اے کے مسافروں کے داخلے اور باہر نکلنے کے ریکارڈ سے بھی منسلک تھا۔

مصنف کے بارے میں