Get Alerts

گوگل نے مفت سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا، صارفین کے لیے نئی پالیسی متعارف

گوگل نے مفت سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا، صارفین کے لیے نئی پالیسی متعارف

کیلیفورنیا: گوگل اکاؤنٹ تقریباً ہر انٹرنیٹ صارف کی روزمرہ ضرورت بن چکا ہے، تاہم اس کی مفت اسٹوریج محدود ہوتی ہے۔ جب صارفین کی اسٹوریج بھرنے لگتی ہے تو گوگل انہیں اضافی جگہ حاصل کرنے کے لیے ماہانہ فیس پر مبنی اسٹوریج پلان اپ گریڈ کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔

اب گوگل نے اکاؤنٹ اسٹوریج سے متعلق اپنی پالیسی میں ایک نئی تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں شمار کیا جائے گا۔

کمپنی نے صارفین کو ای میلز کے ذریعے اس نئی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے 45 دن کا نوٹس دیا ہے، جس کے بعد یہ تبدیلی نافذ العمل ہو جائے گی۔

نئی پالیسی کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے سسٹم سیٹنگز، ایپلی کیشنز کا ڈیٹا، ایس ایم ایس پیغامات اور کال ہسٹری سمیت دیگر بیک اپ معلومات گوگل اکاؤنٹ کی دستیاب اسٹوریج میں شامل ہوں گی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ نوٹس بھیجنے کا مقصد صارفین کو اپنی اسٹوریج کا جائزہ لینے، غیر ضروری ڈیٹا حذف کرنے یا بیک اپ کی ترتیبات میں تبدیلی کرنے کے لیے وقت فراہم کرنا ہے۔

اس سے پہلے گوگل اکاؤنٹ اسٹوریج میں بنیادی طور پر گوگل فوٹوز کی تصاویر اور ویڈیوز، گوگل ڈرائیو کی فائلز اور جی میل کی ای میلز شامل کی جاتی تھیں۔ تاہم نئی تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ بیک اپ بھی اسٹوریج کا اہم حصہ بن جائے گا، جس سے کئی صارفین کی دستیاب جگہ جلد ختم ہو سکتی ہے۔

گوگل نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی صارف کا بیک اپ ڈیٹا مقررہ اسٹوریج حد سے تجاوز کر گیا تو اسے اضافی فائلز حذف کرنا ہوں گی یا زیادہ گنجائش والے اسٹوریج پلان کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔

کمپنی کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے پہلے بتایا تھا کہ عام طور پر اینڈرائیڈ بیک اپ کے لیے تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج درکار ہوگی، جبکہ صارفین کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ طے کر سکیں کہ کون سی ایپس اور ڈیٹا کا بیک اپ محفوظ کیا جائے۔

یہ اقدام گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں کی جانے والی تازہ ترین تبدیلی ہے۔ اس سے قبل مئی 2026 میں کمپنی نے نئے اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کے امکان کی آزمائش شروع کی تھی۔
 
 
 
 

ٹیگز: