حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
کیپشن: سپریم کورٹ میں نیب نے حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کے لیے اپیل دائر کر دی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نیب نے حمزہ شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکرضمانت منسوخ کی جائے۔

سپریم کورٹ میں نیب نے حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کے لیے اپیل دائر کر دی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو لوکل گورنمنٹ کو جاری 360 ملین کی رقم میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ یہ رقم نو کلومیٹر لمبے ویسٹ واٹر کی نکاسی کے منصوبہ کے لیے استعمال ہونا تھی اور رمضان شوگر ملز کے منصوبہ کو عوامی منصوبہ ظاہر کیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف کے خلاف شکایت آنے پر انکوائری کی گئی۔ تحقیقات سے ظاہر ہوا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے اختیارات کا ناجائزاستعمال کیا، شہباز شریف نے رمضان شوگر ملز کو سرکاری خزانے سے فائدہ پہنچایا۔

نیب نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف نے دباؤ ڈال کر این او سی حاصل کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا لہذا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ضمانت منسوخ کی جائے۔