کیلیفورنیا: واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پریمیم سبسکرپشن ماڈل “واٹس ایپ پلس” کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے، جو فی الحال اینڈرائیڈ بیٹا ورژن کے محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے ماڈل میں متعدد فیچرز ایسے ہوں گے جن تک رسائی صرف ماہانہ فیس ادا کرنے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ یہ فیچرز ابتدائی طور پر آزمائشی مرحلے میں ہیں اور بتدریج صارفین کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق “واٹس ایپ پلس” کے سبسکرائبرز کو خصوصی اسٹیکرز تک رسائی حاصل ہوگی، جبکہ ایپ کی تھیمز اور آئیکونز کو اپنی پسند کے مطابق تبدیل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ صارفین 20 چیٹس کو پن کرسکیں گے، مخصوص کانٹیکٹس کے لیے پریمیم رنگ ٹون سیٹ کر سکیں گے اور کسٹم چیٹ لسٹس بھی بنا سکیں گے۔ مزید جدید فیچرز کو بھی اس پیکج میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
اگرچہ کمپنی کی جانب سے باضابطہ قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم رپورٹس کے مطابق پاکستان میں اس سبسکرپشن کی ماہانہ فیس تقریباً 229 روپے ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ میٹا واٹس ایپ کے بنیادی فیچرز جیسے میسجنگ، وائس کالز اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو مفت ہی رکھے گا اور یہ کسی بھی پریمیم پلان کا حصہ نہیں ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام کے لیے بھی اسی نوعیت کا “انسٹاگرام پلس” ماڈل زیرِ آزمائش ہے، جس میں اضافی پریمیم فیچرز فراہم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق مستقبل میں صارفین کو اس نئے سبسکرپشن سروس کے لیے ایک ماہ کا مفت ٹرائل بھی دیا جا سکتا ہے۔