مراد سعید کی کردار کشی پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ 

مراد سعید کی کردار کشی پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ 
سورس: File

اسلام آباد:  وفاقی وزیر مراد سعید کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف پاکستان اور برطانیہ میں ہتک عزت کا دعوی کرنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا تحریک عدم اعتماد پر کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں،اب اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس اسلام اباد میں ہوا ۔ اجلاس میں دورہ روس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خطہ کی موجودہ صورتحال میں وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ دورے سے پاکستان سمیت خطے پر اثر پڑے گا۔ روس اور پاکستان کے درمیان معاہدوں سے معاشی بہتری آئے گی ۔ اجلاس میں الیکٹرانک کرائم ایکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے اسلامی معاشرے کی عکاسی مغربی ممالک میں ملتی ہے ۔ جان بوجھ کر پاکستان میں اخلاقیات کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ آرڈیننس لانے سے کسی کی عزت کو اچھالا نہیں جا سکے گا ۔

 اجلاس میں شرکاء نےپیکا آرڈیننس پر تنقید کو بلاجواز قرار دے دیا ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے  ذاتی کردار کشی کی مہم میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔حکومتی شخصیات کی کردار کشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف پاکستان اور برطانیہ میں ہتک عزت کا دعوی کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعظم نے بھی قانونی کارروائی کیلئے گرین سگنل دے دیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر "آل از ویل" کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ اب اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں۔ 

مصنف کے بارے میں