علی ظفر کی فلم نے پہلے ہی دن ریکارڈ بزنس کرکے سب کو حیران کر دیا

علی ظفر کی فلم نے پہلے ہی دن ریکارڈ بزنس کرکے سب کو حیران کر دیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور: علی ظفر کی فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ نے پہلے ہی دن 2 کروڑ 31 لاکھ روپے کا بزنس کرکے پاکستان کی سب سے بڑی اور کامیاب اوپننگ کا اعزاز ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ سے چھین لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ نے ریلیز ہوتے ہی ریکارڈز بنانا شروع کر دیئے۔ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے ٹیزر، ٹریلر اور گیت نمائش سے پہلے ہی یوٹیوب پر ریکارڈ بناچکے ہیں اور سب سے زیادہ دیکھے گئے ہیں۔

فلم نے پہلے ہی دن سب سے بڑی اوپننگ والی پاکستانی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔ فلم کو نہ تو عید کے تہوار کا سہارا تھا نہ کسی اور چھُٹی کی مدد کا لیکن پھر بھی طیفا کے شوز ہاؤس فل جاری ہیں جب کہ فلم میں ایکشن، لوکیشن، گانے اور رومانس سب بہت اعلیٰ ہیں جس نے فلم بینوں کو سنیما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

فلم میں علی ظفر، مایا علی، جاوید شیخ اور فیصل قریشی سمیت کئی اداکار شامل ہیں۔