خضدار: بلوچستان کے ضلع خضدار میں قومی شاہراہ پر واقع زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ بچوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زخمی بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ایک منصوبہ بند دہشتگردی کا واقعہ ہو سکتا ہے، تاہم مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ یہ ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز حملہ ہے، جس کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔"
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔