وقت کے ساتھ مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں : پرویز خٹک

وقت کے ساتھ مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں : پرویز خٹک

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے بدعنوان اور ناکارہ نظام کو قومی ترقی میں بنیادی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب لیڈر خود کرپٹ ہو تو نیچے کوئی بھی صاف نہیں ہوسکتا ۔نواز شریف پوچھتے ہیں کہ اُنہیں کیوں نکالا گیا ۔وہ جب جیل میں جائیں گے تو سب سمجھ میں آجائے گاکہ کیوں نکالا گیا۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق نااہل وزیراعظم اور اُن کے ہمنوااداروں کو بد نام کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے پاک فوج کو بد نام کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جس نے پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حدود کے تحفظ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ خیبرپختونخو امیں پاکستان پیپلز پارٹی ، اے این پی ، جمعیت علمائے اسلام سمیت ہر پارٹی نے حکومت بنائی مگر کسی کے پاس بھی عوامی فلاح کا پروگرام نہیں تھا۔اُن کا مقصد صرف اپنے مفادات کا تحفظ تھا ۔ہمیں ماضی کے تباہ حال ادارے اور کرپشن سے ڈک صوبہ ملا۔


پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے 80 فیصد وسائل ماضی کے تباہ شدہ سٹرکچر کی بحالی کیلئے خرچ کئے۔چار سال ہر محکمے پر توجہ دی اور پوری ایمانداری سے کام کیا۔عوام موجودہ حکومت کے چار سالوں کا ماضی کی حکومتوں سے موازنہ ضرور کریں۔واضح فرق نظر آئے گا۔