کراچی :کراچی میں انسدادِ پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، تاہم پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کے 31 جبکہ افغانستان میں 21 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں سال بھی پاکستان میں 4 اور افغانستان میں 29 پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین، معاشرے اور متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر مہم میں ان کو حفاظتی قطرے پلانا ضروری ہے۔
ملک بھر کے 115 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق مہم میں 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جو مختلف علاقوں میں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔