جاپان : ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے اپنے میڈلز کا کھاتہ کھول لیا ہے، جہاں مکسڈ مارشل آرٹس کے کھلاڑی عاصم خان نے برانز میڈل اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے عاصم خان کو مکسڈ مارشل آرٹس کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مقابلے کے قوانین کے تحت انہیں کانسی کا تمغہ حاصل ہوا۔ میڈل کی تقریب کل منعقد ہوگی۔
عاصم خان کے ساتھ ایشین گیمز میں ٹیم لیڈر کی ذمہ داریاں انجام دینے والے دلاور خان نے کہا کہ عاصم خان نے پاکستان کے لیے میڈلز کی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور انہیں امید ہے کہ دیگر مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑی مزید تمغے حاصل کریں گے۔
دلاور خان کے مطابق یہ عاصم خان کا ایشین گیمز میں پہلا میڈل ہے۔ اس سے قبل وہ ورلڈ برانز میڈل کے علاوہ ایشین سلور میڈل بھی جیت چکے ہیں۔ عاصم خان بدھ کو کراچی واپس پہنچیں گے۔
دوسری جانب ایشین گیمز کے مختلف مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی ملی جلی رہی۔
50 میٹر فری سٹائل تیراکی میں حمزہ آصف نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم مجموعی نتائج میں وہ 30ویں نمبر پر رہے۔
ٹرائی تھلون کے مکسڈ فائنل میں بھی پاکستانی ٹیم مطلوبہ نتیجہ حاصل نہ کرسکی۔ ثنا عارف، عنیشہ اور مستغیث نور نے 300 میٹر سوئمنگ، 7 کلومیٹر سائیکلنگ اور 2 کلومیٹر دوڑ کے مراحل مکمل کیے، تاہم علی حسن مقررہ وقت کے اندر مقابلہ مکمل نہ کر سکے، جس کے باعث پاکستان کا مجموعی نتیجہ این ڈی ایف قرار دیا گیا۔
کوچ عبدالغفار گجر نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ایتھلیٹس کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ مجموعی رینکنگ میں پاکستان 14ویں نمبر پر رہا۔
سوفٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں پاکستانی جوڑیوں کو چائنیز تائی پے، جنوبی کوریا اور فلپائن کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح ٹیبل ٹینس کے ویمنز ٹیم ایونٹ کے گروپ میچ میں بھی پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی نہ مل سکی۔