Get Alerts

ایشین گیمز 2026: قومی وائٹ بال ٹیم کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز

ایشین گیمز 2026: قومی وائٹ بال ٹیم کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز

جاپان : ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی وائٹ بال کرکٹ ٹیم نے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ قومی سکواڈ کا چار روزہ تربیتی کیمپ نیشنل سٹیڈیم میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگیا ہے۔

کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے مختلف سیشنز میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کا تربیتی پروگرام جمعرات تک جاری رہے گا، جس کے بعد سکواڈ جاپان کے لیے روانہ ہوگا۔

لیگ کرکٹ میں مصروف پانچ کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم بعد میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ دوسری جانب فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ایشین گیمز کے سکواڈ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو 15 رکنی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

کیمپ کے ابتدائی دو دن بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر مشتمل پریکٹس سیشنز منعقد ہوں گے۔ بدھ کو اوول گراؤنڈ میں ٹی20 پریکٹس میچ کھیلا جائے گا جبکہ جمعرات کو سینٹر وکٹ پر سینیریو بیسڈ پریکٹس میچ ہوگا، جس کے لیے مقامی کرکٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

پاکستان کا 21 رکنی دستہ 24 ستمبر کی درمیانی شب جاپان روانہ ہوگا۔

پاکستان کا ایشین گیمز سکواڈ
صاحبزادہ فرحان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور وکٹ کیپر عثمان خان شامل ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بولنگ کوچ ایشلے نوفکے، فیلڈنگ کوچ شین میکڈرماٹ، فزیوتھراپسٹ محمد طاہر، ٹرینر عمران اللہ اور اینالسٹ عثمان ہاشمی شامل ہیں۔

مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کا شیڈول
جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے چار ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی۔

24 ستمبر کو افغانستان کا سامنا جاپان جبکہ ہانگ کانگ کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔ اگلے روز 25 ستمبر کو ہانگ کانگ اور عمان جبکہ افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

26 ستمبر کو جاپان اور نیپال جبکہ ملائیشیا اور عمان کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان اور دوسرے میں بھارت میدان میں اترے گا، جبکہ 29 ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سری لنکا اور چوتھے میں بنگلادیش اپنی اپنی حریف ٹیموں کے خلاف کھیلیں گے۔

ایونٹ کے سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو ہوں گے، جبکہ ایشین گیمز کے گولڈ میڈل کے لیے فیصلہ کن مقابلہ 3 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

ٹیگز: