جاپان :20ویں ایشین گیمز کے مردوں کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پول بی کے میچ میں تھائی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا۔
میچ کے پہلے ہی منٹ سے پاکستانی ٹیم نے جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور تھائی دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے احمد ندیم نمایاں رہے، جنہوں نے 20ویں، 37ویں اور 43ویں منٹ میں تین فیلڈ گول سکور کیے۔
سفیان خان نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 22ویں اور 23ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر دو گول کیے۔ دیگر گولز معین شکیل نے 8ویں، عماد بٹ نے 12ویں، رانا وحید اشرف نے 31ویں جبکہ حنان شاہد نے 34ویں منٹ میں کیے۔
پاکستانی ٹیم نے مقابلے کے چاروں کوارٹرز میں اپنی گرفت مضبوط رکھی اور تھائی لینڈ کو گول کرنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا۔ یوں پاکستان نے 9-0 کی واضح برتری کے ساتھ میچ اپنے نام کر لیا۔
کامیابی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئندہ مقابلوں میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہنے کی امید ظاہر کی۔