لاہور:وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار کے اہداف کے حصول کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے۔
پاکستان آٹو شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آٹو سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی اور جدت کو فروغ دینا ہوگا۔ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ معیار اور جدت پر توجہ دینا بھی انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو عالمی مارکیٹ کے لیے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کرنا ہوں گی اور برآمدات پر مبنی معیشت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔ ملک کے پیداواری ڈھانچے میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بن سکیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت آٹو صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، جس کے لیے انہیں جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر کو بھی ملکی معیشت میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ، برآمدات کا فروغ اور ہنرمند افرادی قوت پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔