Get Alerts

فراری کی نئی 296 GT Modificata، ریس ٹریک کے لیے تیار مگر ریسنگ کی اجازت نہیں

فراری کی نئی 296 GT Modificata، ریس ٹریک کے لیے تیار مگر ریسنگ کی اجازت نہیں

اٹلی : فراری نے اپنی نئی 296 GT Modificata متعارف کرا دی ہے، جو خصوصی طور پر ریس ٹریک پر چلانے کے لیے تیار کی گئی ہے، تاہم اسے باقاعدہ مقابلوں میں ریس کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ گاڑی 296 GT3 Evo کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے، لیکن ریسنگ قوانین سے آزاد ہونے کے باعث اس کے انجن اور ایئرو ڈائنامکس میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس میں 3.0 لیٹر ٹوئن ٹربو V6 انجن دیا گیا ہے جو 720 ہارس پاور اور 590 پاؤنڈ فٹ ٹارک پیدا کرتا ہے۔

انجن کے ساتھ گیئر باکس، ٹربو چارجرز، کولنگ سسٹم اور ایگزاسٹ سمیت کئی حصوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اضافی طاقت کو قابو میں رکھنے کے لیے گاڑی کے فرنٹ اور ہڈ کو نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جبکہ ایروڈائنامک تبدیلیوں سے ڈاؤن فورس اور ہینڈلنگ بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔

296 GT Modificata کی ایک خاص بات اس میں موجود اضافی مسافر نشست ہے، جہاں ڈرائیور کے ساتھ انسٹرکٹر یا ساتھی بیٹھ سکتا ہے۔ گاڑی میں انٹرکام، متعدد کیمروں کے ذریعے ویڈیو ریکارڈنگ، ٹائر اور بریک ٹمپریچر سینسرز سمیت جدید ڈیٹا ایکوزیشن سسٹم بھی شامل ہے۔

فراری کے مطابق مناسب حالات میں 296 GT Modificata، کمپنی کے 1.8 میل طویل Fiorano ٹریک پر GT3 Evo کے مقابلے میں تقریباً تین سیکنڈ تیز لیپ مکمل کرسکتی ہے۔

گاڑی خریدنے والے صارفین کو دو سال یا 12 راؤنڈز کے لیے Club Competizioni GT پروگرام میں شرکت بھی دی جائے گی، جہاں مختلف عالمی ریس ٹریکس پر ڈرائیونگ، تکنیکی معاونت، ٹائر سپورٹ اور انسٹرکٹرز کی سہولت دستیاب ہوگی۔

فراری نے ابھی تک 296 GT Modificata کی قیمت ظاہر نہیں کی، تاہم یہ 296 GT3 Evo سے نمایاں طور پر مہنگی ہونے کی توقع ہے، جس کی قیمت تقریباً 8 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔

ٹیگز: