Get Alerts

جینیفر ونگٹ کی گوا میں دیسی شادی کی تقریبات، ویڈیوز وائرل

جینیفر ونگٹ کی گوا میں دیسی شادی کی تقریبات، ویڈیوز وائرل

ممبئی : بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ جینیفر ونگٹ کی شادی کی تقریبات کی نئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہیں، جن میں اداکارہ کو اپنے قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ خوشی کے لمحات گزارتے دیکھا جاسکتا ہے۔

جینیفر ونگٹ نے سنگاپور سے تعلق رکھنے والے بزنس مین ولیم اشمائل کے ساتھ گوا میں روایتی بھارتی انداز میں شادی کی تقریبات منعقد کیں۔ اس سے قبل دونوں 16 جولائی کو برطانیہ کے علاقے ویسٹ ویلز میں مسیحی رسومات کے مطابق شادی کرچکے ہیں۔

گوا میں ہونے والی تقریب کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں جینیفر کو شادی کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوتے اور دوستوں کے ساتھ رقص کرتے دیکھا گیا۔ ایک ویڈیو میں وہ اپنے شوہر ولیم کو دیسی انداز میں ڈانس کے سٹیپس سکھاتی ہیں، جس کے بعد دونوں نے ایک ساتھ رقص بھی کیا۔

ایک اور ویڈیو میں اداکارہ اپنی قریبی دوست جینیلیا دیشمکھ سے ملاقات کرتی اور انہیں گلے لگا کر خوش آمدید کہتی دکھائی دیتی ہیں۔

شادی کی تقریبات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے جینیفر اور ولیم کے لیے نیک خواہشات اور مبارکباد کے پیغامات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ جینیفر ونگٹ کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل وہ اداکار کرن سنگھ گروور کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھیں۔ دونوں نومبر 2014 میں الگ ہوگئے تھے، جبکہ ان کی طلاق کا قانونی عمل 2016 میں مکمل ہوا۔

ٹیگز: