لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی صورت میں سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی، اس بار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستقل لائحہ عمل بنایا جائے گا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اب ایسا نہیں ہوگا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد آئے اور تمام معاملات بند ہوجائیں، اس بار پکا بندوبست کیا جائے گا اور مستقل حل تلاش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اب بھی وقت ہے، بند گلی میں نہ جائے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی میں اکثریت لانگ مارچ کی حامی نہیں، جبکہ پارٹی کو خود بھی معلوم نہیں کہ اس کے مطالبات کیا ہیں۔
وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہداء کے جنازوں میں صوبائی حکومت کے کسی وزیر نے شرکت نہیں کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہ اتنے بے حس ہوچکے ہیں کہ شہداء کے جنازوں میں بھی نہیں آتے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ نئے صوبے ضرور بنیں گے اور اس حوالے سے کام جاری ہے۔ پٹرول کی فراہمی سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سپلائی بحال رکھنا بہت مشکل کام ہے، ایک ایک جہاز بڑی مشکل سے نکلوایا جارہا ہے۔