سرگودھا : انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں ہونے والے احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر، رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت 36 پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج مقدمہ نمبر 72 میں ملزمان پر پُرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات کی بنیاد پر سخت سزا سنائی۔ سزا یافتگان میں سابق ایم این اے بلال اعجاز بھی شامل ہیں۔
ملک احمد بچھر نے اس فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے قانونی ضابطے پورے کیے بغیر اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے۔ انہوں نے حکومت پر عدالتوں کو اپنے زیرِ اثر لینے کا بھی الزام عائد کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فوجی عدالتوں نے سانحہ 9 مئی کے کیس میں ملوث مختلف افراد کو قید کی سزائیں سنائی تھیں، جبکہ پاک فوج کے کورٹس آف اپیل نے کچھ مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کیا تھا۔