Get Alerts

مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن کیلئے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن کیلئے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی دستوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز اور سرحدی انتظامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ملک و عوام کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔

انہوں نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں اور ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

ٹیگز: