سرفراز احمد مجھے دوسرے کھلاڑیوں کی طرح عزیز ہے، محمد حفیظ

Sarfraz Ahmed is dear to me like other players, Muhammad Hafeez
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی محمد حفیظ نے کہا ہے کہ میرے لئے سرفراز احمد دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ہی عزیز ہیں۔

محمد حفیظ نے یہ بات ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قومی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ان کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ تمام جونیئر پلیئرز کی پرفارمنس سے خوش ہوتا ہوں۔ شاہین آفریدی اور محمد رضوان اچھا اضافہ ہیں۔

گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ڈیمانڈ کے مطابق اپنا رول پلے کرنا چاہتا ہوں۔ ایک اچھی اننگز کھیلی جس پر خوشی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے کوچ کو کہا کہ مجھے ون ڈاؤن پر جانے دیں کیونکہ صورتحال ایسی تھی کہ پیشہ ورانہ طور پر نمٹنا تھا۔ باہر دوسری لیگز میں بیٹسمین چھکے مارنے پر فوکس کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گالف کی وجہ سے بھی مجھے اپنا کھیل بہتر بنانے میں کافی مدد ملی۔ میں نے توجہ کرتے ہوئے پاور ہٹنگ پر کام کیا۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اپنی ایک ٹویٹ میں محمد حفیظ نے جنوبی افریقا کے خلاف نوجوان وکٹ کیپر محمد رضوان کی کارکردگی کی تعریف کی تھی جس کے جواب میں سرفراز احمد نے بھی ٹویٹ کر دیا تھا۔

تاہم بعد ازاں انہوں نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ میرے سینئر ہیں، میں نے ہمیشہ ان کی عزت کی اور کرتا رہوں گا۔ محمد رضوان اور میرے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے۔