الیکشن کمیشن انتخابات کاضابطہ اخلاق جاری کر چکا ہے، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے: مرتضٰی سولنگی

الیکشن کمیشن انتخابات کاضابطہ اخلاق جاری کر چکا ہے، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے: مرتضٰی سولنگی
سورس: file

اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کر چکا ہے لہذا الیکشن کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ 

اسلام آباد مٰں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ عام انتخابات کی کوریج کیلئے غیرملکی میڈیا کے نمائندے پہلے ہی پاکستان میں ہیں۔مبصرین اور غیر ملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 32 درخواستوں پر ویزے دینے کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے متعدد صحافیوں نے ویزہ کے لیے درخواستیں دی ہیں، پاکستان ہائی کمیشن نئی دلی سے تقریباً 24 اجازت ناموں کی درخواستیں پراسس میں ہیں، میڈیا کے مختلف اداروں کی طرف سے مجموعی طور پر 174 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، غیرصحافی کیٹیگری میں صرف برطانیہ سے 25 درخواستیں پراسس میں ہیں۔

انہوں نے  مزید بتایا کہ روس کی طرف سے 8، جاپان سے13 درخواستیں پراسس میں ہیں، کینیڈا سے 5 پارلیمنٹ کے ارکان نے درخواستیں دی ہیں، کامن ویلتھ سے 5 درخواستیں پراسس میں ہیں۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین کی جانب سے درخواستیں جمع کروانے کا آخری روز 20 جنوری تھالیکن اب بھی درخواستوں کو دیکھ رہے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق جن ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو اجازت نامے جاری کیے گئے اُن میں چین، جاپان، امریکا، برطانیہ، کینڈا، ہانگ کانگ اور سنگاپور شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 2 لاکھ ایکریڈیشن کارڈز چھاپے ہیں، ان کے علاوہ یورپی یونین،کامن ویلتھ ممالک کے وفود بھی الیکشن کا مشاہدہ کرنے کے لیے آئیں گے۔

مصنف کے بارے میں