جمہوری، قانونی و آئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے، بلاول بھٹو

جمہوری، قانونی و آئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے، بلاول بھٹو
سورس: فائل فوٹو

حیدرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور ہم جمہوری، قانونی و آئینی طاقت سے حکومت کو ختم کریں گے۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ لسانی تنظیمیں ہمیں آپس میں لڑوا رہی ہیں اور بلدیاتی نظام کو کالا قانون کہا جا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی غریب کی جماعت ہے اور ہم کسانوں کا معاشی قتل برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بعد ایک بحران پیدا کیا جاتا ہے کیونکہ وفاقی حکومت نااہل ہے اور پہلے ٹڈی دل سے فصلوں کو نقصان پہنچا تھا اور اب کھاد و یوریا کا بحران آگیا ہے جبکہ زراعت معیشت کا اہم ذریعہ ہے لیکن اس کو تباہ کردیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نا اہل حکومت نے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ یہ ملک کے کسانوں کے ساتھ کیا کررہے ہیں ؟۔ سب کو معلوم ہے کہ اگر کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا لیکن آج یہ حالات ہیں کہ یوریا کھاد کے لیے کسان قطاروں میں کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہمارا مسئلہ حل کریں۔ اگر کسان بھوکا سوئے گا تو کل ملک بھوکا سوئے گا۔

مصنف کے بارے میں